اسلام آباد،19اگست (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیرکے سینئر وزیر ، وزیر خزانہ آزاد کشمیر کرنل ر راجہ وقار احمد نور نے کہا کہ حکومت نے آزادکشمیر کے ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی حکومت کے مساوی اضافے کا فیصلہ کیا ہے،آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو آزاد جموں و کشمیر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزراء حکومت اظہر صادق ، جاوید ایوب، عبدالماجد خان،اکبر ابراہیم،سردار میر اکبر خان،فہیم ربانی بھی موجود تھے۔ سینئر وزیر کرنل وقار نور نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں کے حکومتی فیصلے کے متعلق کچھ ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی،وزیر اعظم نے فلور آف دی ہاؤس پر واضع موقف اپنایا،ہمارا وفاق میں شئیر 90ارب سالانہ بنتا ہے تاہم 90 کی بجائے 70 ارب رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں اٹھائیس ارب روپے رکھے جانے تھے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 2022-23 میں گندم کی قیمت میں فرق کی وجہ سے حکومت کو 12 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑا،بجٹ کے متعلق ہماری تجاویز کے مطابق نگران وزیر خزانہ سے واضح جواب مل گیا ہے،حکومت نے آزادکشمیر کے ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی حکومت کے مساوی اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزراء حکومت نے کہا کہ حکومت نے آزادکشمیر کے ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی حکومت کے مساوی اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد گریڈ سترہ سے بائیس تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا،پنشنرز کی پنشن میں ساڑھے 17 فیصد اضافہ کیا جائے گا،تنخواہوں میں اضافے سے 16 ارب روپے کے اضافی اخراجات ہونگے،آٹے کی قیمت میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
وزراءحکومت نے کہا کہ سرکاری آٹے کا ریٹ 1550 روپے فی 20 کلو ہے جبکہ پرائیویٹ مارکیٹ قیمت 3000 روپے فی 20 کلو ہے اسظرح 1450 روپے کا فرق ہے،حکومت آٹے کی مد میں سات ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔











