مسیحی کمیونٹی کے متاثرہ گھروں کی بحالی اور تعمیر و مرمت مکمل ہونے تک خواتین اے ایس پیز جڑانوالہ میں ڈیوٹی دیں گی؛آئی جی ڈاکٹر عثمان انور

16

فیصل آباد،19اگست(اے پی پی): سانحہ جڑانوالہ کے بعدکرسچین آبادیوں میں امن و امان یقینی بنانے کے لئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور مسلسل دوسرے روز بھی فیلڈ میں موجود رہے۔انہوں نے پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی زیر تربیت خواتین اے ایس پیز کے ہمراہ جڑانوالہ کے متاثرہ گرجا گھروں کا دورہ کیا اورکرسچین کمیونٹی کے ہمراہ کھانا بھی کھایا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ حکومت نے متاثرین کی جلد بحالی کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں جبکہ مسیحی کمیونٹی کے متاثرہ گھروں کی بحالی اور تعمیر و مرمت مکمل ہونے تک خواتین اے ایس پیز جڑانوالہ میں ہی ڈیوٹی دیں گی، زیر تربیت خواتین پولیس افسران میں اے ایس پیز سندس، صابرہ، رضوانہ،  زینب اور اے ایس پی شازیہ شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی اے ایس پیز کی کرسچین کمیونٹی کی خواتین سے ملاقات اظہار یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اے ایس پیز باقاعدگی سے مسیحی خواتین سے رابطے میں رہیں گی اور مسیحی خواتین اور بچیوں کی سکیورٹی اور احساس تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خواتین اے ایس پیز کے ہمراہ مسیحی کمیونٹی کے متاثرہ گھروں کا بھی دورہ کیا جبکہ زیر تربیت خواتین اے ایس پیز کی مسیحی بستیوں اور دانش سکول ریلیف کیمپ میں کرسچین کمیونٹی کی متاثرہ خواتین سے ملاقات کی اور مسیحی کمیونٹی کی خواتین کو بھرپور سکیورٹی اور تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، سی پی او عثمان اکرم گوندل،  ایس ایس پی آپریشنز اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔