سکھر، 08 اگست(اے پی پی): پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے تحت 200 بستروں پر مشتمل چلڈرن اسپتال کا افتتاح کردیا، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، عذرا پیچوہو، جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون اور وزیراعظم کے مشیر برائے بیرونی سرمایہ کاری سید فیروز شاہ بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی کوریا کے تعاون سے بننے والے چلڈرن اسپتال کے اوپی ڈی بلاک، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور ڈائیگنوسٹک لیب کا دورہ کیا اور چلڈرن اسپتال کی انتظامیہ کو بچوں کے لئے مخصوص دو ایمبولینسوں کی چابیاں حوالے کیں، بلاول بھٹو زرداری کو ڈاکٹر سید جمال رضا اور ڈاکٹر دبیر نے چلڈرن اسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سید قائم علی شاہ، نفیسہ شاہ، ناصر شاہ، شرجیل میمن، امتیاز شیخ، مکیش چاولہ، منور وسان، ارسلان شیخ، نعمان شیخ، اویس شاہ، کمیل شاہ، سہیل انور سیال ودیگر بھی موجودتھے۔











