سکھر، 18 اگست (اے پی پی):سکھر کے سینئر صحافی جان محمد مہر قتل کیس میں گرفتار 3 سہولت کار انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش، عدالت نے ملزمان کو 6 روزه جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔
مقتول صحافی کے قتل کیس میں تفتیشی افسر مسلم شیخ نے ملزمان بخشل عرف بخشو، بابر مہر اور منور مہر کو ریمانڈ کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت سکھر میں پیش کیا۔ اے ٹی سی کورٹ ون کے جج عبدالرحمن قاضی نے کیس کی سماعت کی، تفتیشی افسر مسلم شیخ کی جانب سے عدالت میں ملزمان کی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، تاہم عدالت نے ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
صحافی کے ورثا نے کہا ہے کہ قتل کیس کے تمام ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے ، پولیس اب تک صرف3ملزموں کے سہولت کاروں کو گرفتار کر سکی ہے، قتل کیس میں 6 نامزد ملزمان ، 3 نامعلوم اور 7 سہولت کاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قتل کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔











