اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پاکستان اور عمان نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عمان کے سلطان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف ، وائس ایڈمرل عبداللہ بن خمیس الرئیسی کی ملاقات میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے وفد کے ہمراہ پیر کو یہاں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر مختلف مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان اور عمان مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافتی ورثے میں بندھے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، زراعت کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کی غذائی تحفظ کی ضروریات کیلئے انتہائی اہم ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے گوادر اور مسقط کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز بھی دی۔ ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات معمول پر لانے پر ایران اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو بھی سراہا گیا۔ فریقین نے خطے کی خوشحالی کے لیے سعودی -ایران تعلقات کی بحالی کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے وفد کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر سلطنت ِ عمان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وائس ایڈمرل عبداللہ بن خمیس الرئیسی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے مابین دوطرفہ تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے صدر مملکت کو عمان کے سلطان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ عمان کے سلطان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے گزشتہ روز ہونے والے ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔











