لاہور،07 اگست ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں کی قیادت میں چینی قونصلیٹ کے وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ بالخصوص سی پیک میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دورن چینی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو اکتوبر میں عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر مدعو بھی کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی جڑیں گہری ہیں اور باہمی احترام، اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے درمیان عوامی سطح پر رابطے مزید مضبوط بنائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان چائنہ کی تعلیم، صحت، انرجی، انفراسٹکچر اور دیگر شعبوں میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جب پاکستان کو بجلی کی شدید قلت کا سامنا تھا تو چین نے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد کی۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پاک چائنہ مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر دی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک کی بہت سی جہتیں ہیں جن سے پاکستان میں تعمیر اورترقی کی نئی راہیں کھل کر سامنے آ رہی ہیں ۔
چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلیم، زراعت، غربت کے خاتمے، صحت کے شعبے میں تعاون اور شراکت داری کو بڑھایا جائے گا جبکہ زرعی تحقیق میں پاکستان اور چین کی یونیورسٹیوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کی اہلیہ، چینی قونصل جنرل کی اہلیہ، ڈائریکٹر پولیٹیکل سیکشن یان یانگ، سیکنڈ سیکریٹری چن بو، اتاشی اور چینی قونصلیٹ کے دیگر اراکین موجود تھے۔











