فیصل آباد،05 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا ہے کہ پاکستان بننے کے وقت کشمیر ایک متنازعہ علاقہ تھا،5 اگست 2019 کو مودی حکومت نے اس کی خصوصی حیثیت کوختم کردیا،یوم استحصال منانے کامقصد لوگوں میں آگاہی پھیلانا ہے تاکہ کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہواور پوری دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہاکہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے،22 سے زائد کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے،کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی لوگوں کی آواز کو بند کردیا گیا ہے ان پر ہر طرح کے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔آپ لوگ سوشل میڈیا پر بھی اس اہم مسئلہ کو اٹھائیں تاکہ پوری دینا تک ہماری آواز پہنچ سکے اور دنیاکو پتہ چل سکے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔
سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب ایک المیہ سے بڑھ کر انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا خاموش لیکن پاکستان پوری طاقت سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اورکھڑا رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جو میونسپل کارپوریشن ہال سے شروع ہو کر اسٹیشن چوک تک اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر کشمیر یوں بھائیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔
اس موقع سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیا،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم، ڈائریکٹرآرٹس کونسل زاہد اقبال،سرکاری افسران،سکولز سربراہان،اساتذہ کرام، پولیس افسران، صداقت لودھی،سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات اور ہر مکتبہ فکر اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔











