قصور؛نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی حضرت بابا بلھے شاہؒ مزارپرحاضری،فاتحہ خوانی،توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

38

قصور،25اگست(اے پی پی ): صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 266 ویں عرس مبارک کی تقریبات،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قصور آمد،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مزار حضرت بابا بلھے شاہؒ پر حاضری دی اور مزار پر چادرپوشی کی اور پھول رکھے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزارکے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ 545ملین روپے کی لاگت سے توسیعی منصوبہ کے تحت مزار کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔وضو خانہ، لنگر خانہ، پارکنگ، لائبریری، کانفرنس روم بنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہاکہ حضرت بابا بلھے شاہؒ کی تعلیمات ہمارے لئے روشن باب ہیں ۔ حضرت بابا بلھے شاہہؒنے امن و آشتی اور انسانیت کی عظمت کا درس دیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج ہمیں امن، رواداری اور برداشت کے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔

حضرت بابا بلھے شاہؒ نے رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر رواداری، اخوت اور انسان دوستی کا پیغام دیا ہے۔ چیف سیکرٹری،سیکرٹری اوقاف، کمشنر لاہور، آر پی او، ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی اوقصور،معروف آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔