ملتان ؛ سی پی او اور ڈی سی کا ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے ایشیا کپ افتتاحی میچ کے سکیورٹی انتظامات سے متعلق دورہ

38

ملتان،25 اگست(اے پی پی): سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کے ہمراہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ کے سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں اسٹیڈیم اور روٹ کا دورہ کیا۔

 سی پی او ملتان نے پی سی بی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی۔ ایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد عمران نے سی پی او ملتان منصور الحق رانا کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ سی پی او ملتان نے کرکٹ میچ کے پرامن انعقاد کیلئے اہم احکامات جاری کیے۔

سی پی او ملتان منصور الحق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ سی پی او ملتان نے کہا کہ کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کا موثر پلان تشکیل دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی کیلئے مکمل تیار ہے۔ کرکٹ سٹیڈیم اور روٹس پر لائٹنگ اور صفائی و ستھرائی کے اقدامات شروع کردیے گئے ہیںانٹرنیشنل کرکٹ میلے کے افتتاحی میچ کی میزبانی اعزاز ہے، انہوںنے مزید کہا کہ کرکٹ شائقین کیلئے خصوصی شٹل سروس اور پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا، ٹکٹوں کی فروخت اور چیکنگ کے میکنزم کی کڑی نگرانی کرینگے۔

 ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا کہ مہمان ٹیموں کا شہر کی کلچرل سجاوٹ کے ذریعے بھرپور استقبال ہوگا۔ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 ایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد عمران، ڈی ایس پی مخدوم رشید نعیم عباس، ایس ایچ او مخدوم رشید راشد ندیم، انچارج سیکیورٹی علی طاہر، پاک فوج اور حساس اداروں کے افسران سی پی او ملتان کے ہمراہ تھے۔