قصور،23اگست(اے پی پی نیوز)ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی نےکہا ہے کہ حضرت بابا بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات 25تا 27اگست 2023تک منعقد ہو رہی ہیں اور اس حوالے سے تمام محکمہ جات کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تین روزہ266ویں سالانہ عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ کی تقریبات،سیکورٹی و دیگر انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیس، میونسپل کارپوریشن، واپڈا، صحت ، اوقاف، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک کے موقع پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دربار کے ارد گرد کے علاقوں،سٹرکوں، دربار سے ملحقہ قبرستان اور دیگر جگہوں پر زائرین کی سہولت کیلئے لائٹس کا انتظام کریں اور عرس مبارک کے موقع پر صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی کا کہنا تھا کہ زائرین کی سہولت کیلئے دوسہرا گراؤنڈ سمیت شہر کے تین مقامات پر پارکنگ اسٹینڈڈز قائم کئے جائینگے، عرس مبارک کے تمام انتظامات سے ہر وقت آگاہی رکھنے کیلئے سینٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائیگا جہاں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائیگی۔ زائرین کی سہولت کیلئے دربار کے احاطہ میں محکمہ ہیلتھ، سول ڈیفنس، پولیس، فوڈ اتھارٹی، واپڈا سمیت دیگر محکموں کے کیمپ لگائے جائینگے۔
اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ عرس مبارک کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے اور آنیوالے زائرین کو تمام سہولیات دی جائینگی اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمد جعفر چوہدری،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر لئیق چوہدری، چیف ایگزیکٹوآفیسر ایجوکیشن اتھارٹی ملک محمد انور، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ اتھارٹی راؤ عبید الرحمن، منیجر اوقاف رانا احسان الحق،ڈی ایس پی سٹی، ڈی او سول ڈیفنس،ایس ڈی او واپڈا، میونسپل کارپوریشن کے افسران سمیت دیگر نے شرکت کی۔











