مخلوط حکومت نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں سنگ میل حاصل کیے ہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ

17

اسلام آباد،08اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے بلوچستان کے عوامی مسائل کے حل میں وزیراعظم شہباز شریف کی گہری دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مخلوط حکومت نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں سنگ میل حاصل کیے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں منگل کو یہاں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور اس کے تحت کام کرنے والے محکموں کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے ادارے تباہی کے دہانے پر تھے اور ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا تھا تاہم وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جس طرح مالی مشکلات کے باوجود ملک کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالا ہے وہ ان کے متحرک ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔

 وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ سابقہ حکومت کے برعکس موجودہ مخلوط حکومت نے صوبہ بلوچستان میں دیگر صوبوں کے مساوی ترقی پر توجہ دی ہے جو قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کیمپس، کامسیٹس یونیورسٹی کے کوئٹہ اور گوادر میں کیمپسز کا قیام، پاکستان حلال اتھارٹی کے دفاتر کی کوئٹہ اور گوادر تک توسیع، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے تفتان، چمن اور گوادر میں پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے دفاتر کا قیام، پاکستان کی نمائندگی اور سائنسی تعاون کے لیے بیجنگ میں سائنس کونسلر کی تقرری اس عرصے کے دوران حاصل کردہ چند اہم کامیابیاں ہیں۔

آغا حسن بلوچ نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے بیجنگ میں سائنس کونسلر کوپاکستان کی نمائندگی کرنے اور سائنسی تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لیے تقرری عمل میں لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ذریعے انجینئرز کے لیے 2 ہزار اسکالرشپس کا پروگرام شروع کیا گیا ہے جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ اور پاکستان کونسل آف رینیوایبل ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے انضمام کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مخلوط حکومت نے تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے تعاون سے ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے جدوجہد کی اور انارکی کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل میں وزیراعظم شہباز شریف کی گہری دلچسپی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت صوبے کی بہتری پر بھی توجہ دے گی جسے ماضی میں نظر انداز کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف محکموں کے سروس رولز بنائے گئے ہیں جبکہ ملازمین کے بچوں کو بھی میرٹ پر ملازمتوں میں جگہ دی گئی ہے۔

 منیجنگ ڈائریکٹر نیکا ڈاکٹر سردار معظم نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی وزیر اور وزیر اعظم کی قیادت میں پہلی بار قومی توانائی کی کارکردگی اور تحفظ کی پالیسی کے ساتھ ساتھ ایکشن پلان اور توانائی کے تحفظ کے کوڈز متعارف کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نے گھریلو مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے برقی آلات کے لیے توانائی کی کارکردگی کے کم از کم معیارات کو بھی حتمی شکل دے دی ہے جو توانائی کی کارکردگی کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے مینوفیکچررز کو بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آلات میں تبدیلی کے ذریعے کم از کم 25 فیصد توانائی کی بچت کی جا سکتی ہے، 29 منصوبوں پرکام کرنے کی صورت میں 6.4 ارب ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے۔

 پی سی ایس آئی آر کی ایک سینئر افسر ثمینہ نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر نے کنٹرولڈ ماحول میں ہائیڈروپونک سہولیات کے ذریعے کراچی، لاہور اور پشاور میں دواؤں اور صنعتی مقاصد کے لیے بھنگ کی کاشت شروع کی ہے جبکہ یہ ادارہ ٹرپل ہیلکس کے ذریعے ریسرچ ڈویلپمنٹ اور انوویشن پر بھی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی منصوبوں کی حمایت اور پی ایچ ڈی طلباءکو لیبارٹریوں تک رسائی کے ذریعے تحقیق کے لیے یونیورسٹیوں کو مدد فراہم کی جارہی ہے۔