ملتان؛موٹروے پولیس نے دوران سفر قیمتی بیگ گرنے پر تلاش کرکے مسافرکے حوالے کر دیا

25

ملتان، 19اگست(اے پی پی): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے دوران سفر لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون اور نقدی سے بھرا بیگ گرنے پر قلیل وقت میں تلاش کرکے مسافرکے حوالے کر دیا ہے۔

 مسافر موٹروے ایم فور پرملتان سے خانیوال جا رہا تھا کہ راستے میں بیگ گر گیا۔جس کی اطلاع ملنے پر انسپکٹر گلزار حسین ،سب انسپکٹر لیاقت علی ہمراہ فائن کولیکشن نمائندگان ناصرحسین بھٹی کو دوران پٹرولنگ لوکیشن نمبر NB/52 پر متعلقہ بیگ ملا جس میں سات عدد قیمتی موبائلز مالیتی مبلغ چار لاکھ روپے اورمبلغ تین لاکھ ستانوے ہزار روپے نقدی رقم پائی گئی۔جو کہ مسافر کو کال کرکے ڈی ایس پی ضرغام عطاء اورایڈمن افیسر زوہیب حسن کی موجودگی میں کالرعبید رضا کے حوالے کیا جس نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران کاشکریہ ادا کیا۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران کی فرض شناسی کو اہل علاقہ نے خوب سراہا۔اچھی ڈیوٹی کرنے پر سیکٹر کمانڈر کیطرف سے متعلقہ افسران کو شاباش دی گئی اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

سیکٹر کمانڈرفراست علی بھنڈر کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے قومی شاہراہ پر شہریوں کو کسی بھی پریشانی سے بچانا اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت موٹر وے پولیس کا اولین فریضہ ہے ۔