ملتان؛کمشنر کا کارڈیالوجی ہسپتال توسیعی بلاک کا اچانک دورہ، ترقیاتی کام کا جائزہ لیا

16

ملتان،23 اگست(اے پی پی):شہر اولیاءمیں صحت کے میگا منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کارڈیالوجی ہسپتال توسیعی بلاک پر ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کارڈیالوجی توسیعی بلاک میں او پی ڈی کے دو فلور مکمل فنکشنل کردیے گئے،3 ارب روپے کے پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے،2 فلورز پر 33 کمرے پر مشتمل او پی ڈی مکمل فنکشنل کی جاچکی جبکہ 208 بیڈز وارڈز کے دو فلور 15 ستمبر تک مکمل کردیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں مکمل ہسپتال فنکشنل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جبکہ ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل سٹاف کے ہاسٹلز ، بیسمنٹ اس سال کے آخر تک مکمل کرلئے جائیں گے۔

کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ کارڈیالوجی ہسپتال میں 20 کروڑ کی لاگت سے 4 منزلہ سرائے تعمیر کیا جارہا ہے، 250 بیڈز پر مشتمل سرائے کا پی سی ون حکومت پنجاب نے منظور کرلیا ہے۔

کمشنر عامر خٹک نے کارڈیالوجی ہسپتال میں مریضوں کو ادویات کی دستیابی چیک کی اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات بارے استفسار کیا۔

بعدازاں کمشنر نے سول ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کی موجودہ عمارت چلڈرن ہسپتال کو سونپی جارہی ہے، چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی سول ہسپتال کی عمارت میں منتقل کی جائے گی، عوام کو صحت کی سہولیات کی سہل فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری پر حکومت پنجاب کی خاص توجہ ہے،منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیموں کی تکمیل مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر ایکسئن بلڈنگ حیدر علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 47 ملین روپے کی سول ہسپتال اپ گریڈیشن سکیم کا 90 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ ستمبر کے آخر تک ہسپتال کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی جائے گی۔