ملتان؛ ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کیخلاف  آپریشن ، پختہ تعمیرات گرا دی گئیں

8

ملتان،04 اگست (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور آپریشن کلین اپ کیا، اس موقع پر بھاری مشینری کے ذریعے ممتاز آباد اور گل گشت میں پختہ تعمیرات گرا دی گئیں جبکہ ضلعی ٹاسک فورس نے ایکشن لیتے ہوئے بھاری جرمانے بھی عائد کئے۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق نے تجاوزات آپریشن کی مانیٹرنگ کی۔ آپریشن میں میونسپل کارپوریشن ،ایم ڈی اے سمیت ضلعی محکموں کے نمائندے شریک ہوئے۔اس موقع پر پختہ تھڑے،سٹال،ریڑھیاں اور شیڈز مسمار،سامان تحویل میں لے لیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق نے کہا کہ شہر کے انفراسٹرکچر کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے قبضہ و تجاوزات مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی ہے۔