ملتان، 05 اگست(اے پی پی ):موٹروے ایم فور سیکٹر خانیوال بیٹ نمبر 22 کے زیر اہتمام شاہ رکن عالم انٹر چینج پر یوم استحصال کشمیرمنایا گیا۔اس موقع پر شرکاء نےمظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔بیٹ کمانڈرضرغام عطاء نے ریلی کی قیادت کی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے افسران کے علاوہ شہریوں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان،لے کر رہیں گے آزادی کے فلک شگاف نعرے لگائے اور کبوتر آزاد کیے ۔انہوں نے کہا کہ 2019ء میں آج ہی کے روز بھارت نے غیور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو زور بندوق چھینا ،غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس غیر قانونی اقدام پر کشمیری عوام اب تک سراپا احتجاج ہیں، کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا ہے پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔
ریلی کے شرکاء کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت مسلسل آگ اور خون سے کھیل رہا ہے، بھارت کے غیر قانونی اقدام کی ہر سطح پر شدید مذمت کرتے ہیں۔
ریلی کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، سائرن بجائے گئے اور مظلوم کشمیریوں کی بھارت اور مودی سرکار کے جنگی جنون سے آزادی کیلئے دعائیں کرائی گئیں۔











