ملتان،16 اگست (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے وژن کے تحت ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی بہتر کرنے کیلئے گڈ گورننس ماڈل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں صفائی صورتحال کی بہتری کیلئے آپریشن ونگ کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے افسران و سٹاف کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئیر منیجر آپریشن فہیم لودھی اور منیجر آپریشن انوار الحق نے صفائی آپریشن پر بریفنگ دی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب نے کہا کہ شہریوں کی صفائی شکایات کے ازالے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔کمپنی معاملات میں شفافیت کیلئے ای فائلنگ سسٹم نافذ کردیا گیا ہے جس سے کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
سی ای او نے کہا کہ نئی مشینری اور عملہ صفائی میں اضافے کیلئے اقدامات آخری مراحل میں ہیں جبکہ کنٹینرز کی مرمت اور ڈسٹ بن کی تنصیب کا عمل فوری مکمل کیا جائے گا۔
اجلاس میں ناقص کارکردگی پر فیلڈ سٹاف کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔











