ملتان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے گرینڈ تجاوزات آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع

14

ملتان،23 اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر شہر کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے گرینڈ تجاوزات آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گل گشت،برانڈروڈ اور گول باغ میں بھرپور تجاوزات آپریشن کیا گیا اور پختہ تعمیرات ،کھوکھے،تھڑے اور شیڈز مسمار کرکے بھاری سامان قبضے میں لے لیا گیا۔اس موقع پر میونسپل کارپوریشن،ایم ڈی اے اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی بھاری مشینری و عملے نے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر عابد شبیر نے تجاوزات آپریشن کی قیادت کی۔آپریشن کے دوران مرکزی شاہراہوں اور گردیزی مارکیٹ کو مکمل کلئیر کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ تاجر برادری اور سٹیک ہولڈرز تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔انفراسٹرکچر اور ٹریفک مسائل کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔عمر جہانگیر کا کہنا تھا کہ کمرشل عمارات اور پلازوں کو پارکنگ سٹینڈز مختص کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات آپریشن کی حکمت عملی بھی مرتب کرلی ہے۔