میرپورخاص ؛ ملیریا کی روک تھام کیلئے باہمی تعاون سے کام کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر کی متعلقہ محکموں کو ہدایت

17

میر پور خاص،28 اگست (اے پی پی) : ڈپٹی کمشنر  نور مصطفی لغاری نے کہا ہے کہ ملیریا جیسی جان لیوا بیماری سے بچاؤ کے لئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کیا جائے تاکہ لوگوں کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع میرپورخاص میں ملیریا بخار کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے سلسلے میں محکمہ صحت ، بلدیات ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، پی پی ایچ آئی اور روینیو کے افسران سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر  نور مصطفی لغاری نے کہا کہ ضلع میرپورخاص کی عوام کو بیماریوں سے محفوظ بنانا ضلع انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملیریا مرض کے خاتمے اور بچاؤکے لیے باہمی تعاون سے کام کیا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

 اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جیرام داس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ضلع میرپورخاص میں جنوری سے دسمبر 2022 تک 2 لاکھ 66ہزار 5 لوگوں کے نمونے لیے گئے تھے جس میں سے 46ہزار 541 کیسز پازیٹو ہوئے تھے جبکہ جنوری سے جولائی 2023 تک 1 لاکھ 47ہزار 334 لوگوں کے ملیریا کے نمونے لئے گئے جس میں سے 25ہزار 753 ملیریا کے پازیٹو کیسز ظاہر ہوئے اسی طرح اگست 2023 میں 41 ہزار 841 میں سے 13ہزار 432 کیسز پازیٹو ہوئے جس کا تناسب 32فیصد ہے جس کی وجہ موسمی تبدیلی ہے۔انہوں نے  کہا کہ گزشتہ سال ضلع میرپورخاص میں 521 ڈینگی وائرس کے کیسز ظاہر ہوئے تھے۔

 ڈی ایچ او میرپورخاص نے بتایا کہ اس وقت ضلع میرپورخاص کے تین تحصیل جھڈو ، کوٹ غلام محمد اور سندھڑی متاثر ہوئے ہیں جہاں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کی نگرانی میں ضلع بھر میں کل  111سینٹرز کام کر رہے ہیں جس میں سے 90سینٹر سرکاری اور 21 نجی سینٹر شامل ہیں جہاں پر ملیریا سے بچاؤ کی ادویات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تمام مطلوبہ سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں ، 826لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے یوسی سطح پر 25000مچھر دانیاں مفت تقسیم کی گئی ہیں جبکہ ملیریا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے آگاہی پروگرام بھی منعقد کئے جا رہے ہیں ،محکمہ صحت کی ہدایت پر ضلع بھر میں 30 صحت مراکز کا ٹائم بڑھا کر صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک کر دیا گیا ہے۔

 اجلاس میں چیف میونسپل آفیسر میونسپل کارپوریشن میرپورخاص رفیق احمد سھڑ نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کی جانب سے 3 اسپرے مشینوں کی مدد سے 3 ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور مزید اسپرے مشینوں کی ضرورت ہے جس پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نور مصطفی لغاری نے ہدایت کی کہ مزید ملیریا اسپرے مشینیں خرید کر ملیریاسے بچاؤکیلئے کام کرنے والی ٹیموں کی تعداد بڑھا کر اسپرے کے کام مزید تیز کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں ملیریا سے بچاؤکے متعلق ہونے والی کام کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔ اجلاس میں مختلف سرکاری عہدے داران و ذمہ داران نے شرکت کی ۔