نارووال،یکم اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ پرائس مجسٹریٹس کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرائسزمجسٹریٹس کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں کا فرداً فرداً جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں پرائسزکے حوالے سے نمایاں کارکردگی پرڈپٹی کمشنرمحمداشرف کی طرف سےڈپٹی ڈائریکٹرزراعت تنویراحمدتتلہ کوشاباش دی گئی اور کہا کہ دیگرپرائس مجسٹریٹس تنویراحمدتتلہ کی شاندارکارکردگی کوپیش نظررکھتے ہوئے جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔
ڈپٹی کمشنر نےاس موقع پرپرائس مجسٹریٹس کوہدایت کرتے ہوئےکہاکہ پرائس مجسٹریٹس اپنے مقررہ ٹارگٹ کےحصول کوہرصورت یقینی بنائیں، روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی کارر وائیوں کوڈیلی مانیٹر کیا جائے گا، ٹارگٹ پورانہ کرنے والے افسران کے خلاف تحریری طورپر چیف سیکرٹری کورپورٹ فراہم کی جائےگی۔
ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نے افسران کوہدایت کی کہ مجسٹریٹس اپنے اختیارات کااستعمال کرتے ہوئےقانون شکن دوکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔انہوں نےکہاکہ حکومت شہریوں کوروزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی سستےداموں فراہمی کویقینی بنانے کے ہرممکن اقدام اٹھارہی ہےجس کامقصدلوگوں کوزیادہ سے زیادہ ریلیف کوفراہم کرناہے، لہذاپرائس مجسٹریٹس کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ضلع کی ریونیوحدودمیں مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کریں کیونکہ ناجائز منافع خور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ڈی او انڈسٹریزذیشان نیازنے ڈپٹی کمشنر کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ ماہ جولائی کے دوران پرائس مجسٹریٹس کی طرف سے ضلع بھرمیں2ہزار158انسپیکشنزکی گئی جن میں198 دوکاندارخلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جنہیں مجموعی8لاکھ 50ہزار500روپےجرمانہ کیاگیا،اس کے ساتھ ساتھ 2دوکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 5 مقدمات درج کرکے17افراد کوپابندسلاسل کیاگیا۔
اسسٹنٹ کمشنرزشکرگڑھ، ظفروال ونارووال خضرظہورگورائیہ،فاروق اعظم راناظفراللہ خاں کے علاوہ پرائس مجسٹریٹس نے اجلاس میں شرکت کی۔











