ملتان،08اگست (اے پی پی):نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور ریجنل بلڈ سنٹر ملتان کے زیر اہتمام خون کے عطیات جمع کرنے کے لیے گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد لوگوں کو رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینے کی ترغیب دینا تھا تا کہ ضرورت مند مریضوں کی قیمتی جان بچائی جا سکے۔ کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کیا۔ ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ناصر اور دیگر منتظمین نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل کا استقبال کیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ندیم خان اور ایوان صنعت و تجارت ملتان کے ممبران بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔
خون کے عطیات جمع کرنے کے حوالے سے قائم کردہ اس کیمپ میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز اور طلباء وطالبات نے بڑے جوش و خروش سے شرکت کی اور خون کے عطیات دیئے۔ خون عطیہ کرنے والے طلباء وطالبات و دیگر افراد کا کہنا تھا کہ عطیہ کئے گئے خون سے ضرورت مند افراد کی جان بچائی جا سکتی ہے۔ اس لیے ہم سب کو اس مہم میں حصہ لینے کی ضرورت ہے،اس سے انسانی زندگی کو بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے لیس طلباء وطالبات کی بھرپور شرکت ہمارے لیے باعث مسرت ہے اور ان کی اس کوشش سے نہ جانے کتنے لوگوں کی زندگی بچ سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عطیہ کردہ خون کو ہسپتال میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور انہوں نے لوگوں سے خون کے عطیات کے لیے آگے آنے کی اپیل کی۔











