نگران وزیراعلیٰ بلوچستان  کی مزار قائد پر حاضری،صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے،میر علی مردان خان ڈومکی

46

کراچی، 29 اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو  کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری دی، قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی نگران حکومتیں اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں گی۔ بلوچستان میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات سے حالات بہتر ہو رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں قیام امن اور قانون کے نفاذ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں  نے کہا کہ  جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے جاری سکیموں پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔