وہاڑی،11 اگست (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔بلدیہ وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے تقریبات کی صدارت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبہ میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات ہیں ،پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، ملک کی تعمیر وترقی میں اقلیتی برادری ہمارے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں بسنے والے رنگ،نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر خالصتاً پاکستانی ہیں اور ان کی حب الوطنی پر کوئی شک نہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے اقلیتی برادری کے ہمراہ کیک کاٹا اور اقلیتی برادری کی استحکام پاکستان ریلی کی قیادت کی ۔ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے ، بین المذاہب ہم آہنگی میں اقلیتوں کا کردار لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں اقلیتوں کی خدمات لائق تحسین ہیں ،انصاف کے شعبہ میں چیف جسٹس اے آر کارنیلس، چیف جسٹس بھگوان داس، سماجی خدمات میں میڈم رتھ فاو کے نام نمایاں ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی راہنماماسٹر ریاض مسیح نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ملک ہے ،پاسٹر سلامت برکت نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی آنچ نہ آنے دیں گے۔پاسٹر ممتاز نے مسیحی برادری کی طرف سے اقلیتوں کا قومی دن منانے پر اظہارِ تشکر کیا۔
ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے مسیحی رہنماوں کے ہمراہ بلدیہ میں پرچم کشائی کی، ملکی سلامتی استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
تاجر رہنما ارشاد حسین بھٹی ، طاہر شریف گجر،راو خلیل احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا، تاجر راہنماوں نے اقلیتوں کی قیام پاکستان اور تعمیر و ترقی پاکستان کے لیے کاوشوں کو سراہا۔مختلف چرچوں کے نمائندوں پاسٹر شفقت کلیانہ، پاسٹر یوآب گل، پاسٹر ریاض راج ، پاسٹر یونس پیارا، پاسٹر زاہد، پاسٹر بابر یونس، پاسٹر وقاص بھٹی ، پاسٹر گلزار سہوترا، ایلڈر بابر رسول، ایلڈر راشد مسیح ، ایلڈر تنویر مسیح سمیت تاجر رہنماوں عبدالرحمان منا، شیخ عبدالروف، سماجی راہنما عبدالعزیز بھٹہ، چیف آفیسر بلدیہ علی احمد صابر اور شہریوں کی کثیر تعداد نے تقریبات میں شرکت کی۔











