پاکستان شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کر رہا ہے ، سیلاب کی تباہ کاریوں کی بحالی میں پاکستان کو عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے ؛ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف 

7

اسلام آباد،18اگست  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان صرف  ایک فیصد کاربن کا اخراج کرتا ہے ، پاکستان اس وقت شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کر رہا ہے ، گزشتہ سال پاکستان میں خوفناک سیلاب سے لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا،سیلاب کی تباہ کاریوں کی بحالی میں پاکستان کو عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان ایکسپو میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے عنوان سے منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ کو اس اہم فورم کو منظم کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ تمام ماہرین ، مقررین اور شرکاء کو گزشتہ تین دن اس اہم تقریب میں شرکت کرنے پر مشکور ہوں۔  انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان صرف  ایک فیصد کاربن کا اخراج کرتا ہے ، پاکستان اس وقت شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کر رہا ہے ، گزشتہ سال پاکستان میں خوفناک سیلاب سے لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا،سیلاب کی تباہ کاریوں کی بحالی میں پاکستان کو عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے ،پاکستان کی تباہ حال معیشت سیلاب کی تباہ کاریوں کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی  ، ہمیں یہ اندازہ ہونا چاہئے کہ قدرتی آفات سے قبل حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہیں ۔

 راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بروقت فیصلہ سازی کے نظام کو مزید موثر بنانا ہوگا ،مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ مکمل فعال ہوگیا ہے ،قدرتی آفات کی تباہی سے نمٹنے کیلئے مضبوط ردعمل نظام کے قیام کے ساتھ ساتھ اس کی وجوہات پر تحقیق کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی قومی اسمبلی نے ہنگامی بنیادوں پر قدرتی آفات کے واقعات پر قومی ردعمل پلان تشکیل دیا اور  ایس ڈی جیز اور قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے موسمیاتی تبدیلیوں کے قومی پلان تشکیل میں مثبت کردار ادا کیا،قومی اسمبلی متحرک پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے عالمی اور علاقائی چیلنجز کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا  کہ قومی اسمبلی نے اسلام آباد میں بین الپارلیمانی یونین کے ایشیائی پیسفک پارلیمانوں کا موسمیاتی تبدیلیوں پر سیمینار منعقد کروایا،ہم نے دنیا کے سامنے موسمیاتی تبدیلیوں پر اپنا مقدمہ احسن طریقے سے پیش کیا۔