پشاور؛ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ وقت کی اہم ضرورت ہے؛آئی جی پی خیبرپختونخوا اخترحیات خان

66

پشاور،23اگست(اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف بہتر نتائج حاصل کئے جارہے ہیں بلکہ اس عمل سے نئی نئی جہتیں بھی متعارف کرائی جارہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ نوشہرہ اور مردان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ آج کل کے جدید دور میں جرائم کی بیخ کنی میں ٹیکنالوجی خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے، اس کی بدولت اب مجرموں تک پہنچنا چند لمحوں میں ممکن ہے اور یہ کہ ٹیکنالوجی میں غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ  ہائی ٹیک ہتھیاروں کی بدولت دہشت گردوں کے حملے پسپا کئے جارہے ہیں اور  پولیس کی متعلقہ علاقے میں جرائم کے سدباب پرگرفت مزید مضبوط ہو کر عوام کو بہتر اور موثر پولیسنگ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

 آئی جی پی کا کہنا تھا کہ پشاور میں ابابیل سکواڈ کے کامیاب تحربے کے بعد اسے دوسرے اضلاع تک وسعت دی جارہی ہے۔ ابابیل سکواڈ کا مقصد سٹریٹ کرائم میں کمی لانا، عوام میں موجودگی اور عوام کو تحفظ کا احساس دلانا ہے اور کسی بھی حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کے رسپانس ٹائم کو کم کرناہے۔ یہ سکواڈ ضلع نوشہرہ کے گنجان آباد علاقوں، گلی محلوں اور بازاروں میں اسٹریٹ کرائم اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے خصوصی گشت کرے گا۔

 انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے نوشہرہ میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، نئے قائم شدہ ابابیل سکواڈ، پولیس لائنز باﺅنڈری وال اور پولیس ریسٹ ہاﺅس کی تزئین و آرائش کا افتتاح کیا اور مردان میں پولیس چوکی بغدادہ کے افتتاح کیساتھ ساتھ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والے ڈویڑنل ایس پیز کو انکے عہدے کے بیجز لگائے۔

واضح رہے کہ آئی جی پی نے صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی طرز پر پچھلے دنوں کوہاٹ میں بھی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا تھا۔ اسی طرح پشاور میں ابابیل سکواڈ کی موثر کارروائیوں اور افادیت کے پیش نظر اسے مزید تین اضلاع نوشہرہ، مردان اور کوہاٹ میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آج اس سلسلے میں نوشہرہ ابابیل سکواڈ کا افتتاح بھی کیاگیا۔

بعد ازاں آئی جی پی نے مردان میں بغدادہ پولیس چوکی کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔ انہوں نے مردان میں نئے تعینات ہونیوالے ڈویژنل ایس پیز کو نئے عہدے کے رینک بھی لگائے۔ ڈی پی او مردان نجیب الرحمان بگوی نے آئی جی پی اختر حیات خان کو اپنے ضلع کے کرائم کی بابت بریفینگ بھی دی۔

ڈی آئی جی مردان محمد سلیمان خان، ڈی پی اوز اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی ان مواقع پر آئی جی پی کے ہمراہ موجود تھے۔