پشاور؛یوم شہداء پولیس، سی سی پی او سید اشفاق انور کی یادگارِ شہداء پر حاضری

20

پشاور،4اگست(اے پی پی): پورے ملک کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی پولیس شہداء کی یاد میں پورے تقدس اور یکسوئی کے ساتھ یوم پولیس شہداء منایا گیا۔

اس سلسلے میں آج شہدائے پولیس کے حوالے سے خصوصی تقریب پولیس لائنز میں منعقد ہوئی جس میں سی سی پی او سید اشفاق انور نے یادگار شہداء پر حاضری دی، جہاں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔ بعد ازاں ملک سعد شہید پولیس لائن مسجد میں شہداء کی ایصال ثواب کیلئے ختم القرآن کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس حوالے سے سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربا نیوں کی بدولت پورے ملک میں امن قائم ہوا ہے، تمام قوموں پر مشکل وقت آتا ہے لیکن مشکل حالات میں خیبر پختونخواہ پولیس اور پوری قوم نے دلیری اور ایمانداری کیساتھ مقابلہ کیا جسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

موقع پر موجود دیگر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یہ دن ہم ان بہادراور غیور افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مناتے ہیں کیونکہ شہداء ہمارے ماتھے کے جومر ہیں، کیونکہ شہداء نے پولیس کی تاریخ میں ایک روشن باب رقم کیا ہے اور اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اس مٹی کی حفاظت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہیدوں کا سرمایہ افتخار یہ ہے کہ آئی جی سے لیکر سپاہی تک ملک وقوم وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

سی سی پی او نے کہا کہ بروز 04 اگست ایک دلیر اور بہادر آفیسر صفوت غیور شہید ہوئے تھے، اس لئے اس تاریخ کو شہداء کے نام سے منسوب کیا گیا۔ انہی شہداء کی قربانیوں کی یاد میں پوری قوم کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم شہداء اور ان کے لواحقین کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں خیبر پختونخواہ پولیس اور پوری قوم نے دلیری اور ایمانداری کا مظاہرہ کیا ۔