پنجاب آرٹس کونسل ڈیرہ غازی خان میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب ،تصویری نمائش کا انعقاد

20

 

ڈیرہ غازی خان،14 اگست(اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس ڈیرہ غازی خان میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں مختلف اداروں کے طلبا و طالبات نے ملی نغمے،ٹیبلوز اور خاکے پیش کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال ایمان،اتحاد و تنظیم کے  قول کو اپنے  عمل سے ثابت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوان کا جوش و جذبہ دیکھ کر مجھے یقین ہے  پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے دفاع اور استحکام کےلئے اکٹھے ہیں اور رہیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ پاکستان کو معاشی و معاشرتی چیلنجز کا سامنا ہے ہمیں بطور قوم ملکر تمام چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ شہدا نے قیام پاکستان سے ابتک لازوال قربانیاں دیں۔

تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کریم بخش،ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل،ڈویژنل و ضلعی افسران،سول سوسائٹی ،فیملیز،گرلز گائیڈ،بوائز سکاوٹس،سول ڈیفنس،ریسکیو،دیگر اداروں اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔