شمالی وزیرستان،14 اگست(اے پی پی ):14 اگست پر میرانشاہ میں پاک فوج اورضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام جشن آزادی کی پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل محمد نعیم اختر، سول و عسکری حکام، مقامی مشران، بزرگوں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی شروعات کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوئی جس کے بعد جی او سی نے کھیلوں کے سالانہ مقابلہ جات آزادی کپ 2023 کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ بچوں نے ملی نغمے اور تقریریں پیش کیں، اس کے ساتھ ساتھ سیک ریس اور رسہ کشی کے مقابلے بھی ہوئے،آخر میں سب نے مل کر اتن ڈانس کیا۔
جی او سی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تمام اہل وطن اور خاص کر شمالی وزیرستان کی عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ مجھے آج شمالی وزیرستان کے بچوں اور نوجوانوں کا جشن آزادی کیلئے جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے ملک کی ترقی و بہتری کیلئے انفرادی اور اجتماعی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ وزیرستان میں امن کی خاطر پاک آرمی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت پولیس اور تمام اداروں نے کردار ادا کیا اور سب سے بڑھ کر وزیرستان کے لوگوں نے امن کی خاطر قربانیاں دی ہیں جس کو ہم کبھی ضائع نہ ہونے دیں گےاور شمالی وزیرستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔











