پنڈی بھٹیاں،25 اگست (اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں حافظ آباد پولیس کا ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ڈی پی او ڈاکٹر فہد احمد کی قیادت میں ٹارگٹڈ آپریشن ، آپریشن میں تھانہ سٹی حافظ آباد ، صدر حافظ آباد، سکھیکی منڈی، سٹی پنڈی بھٹیاں پولیس نے حصہ لیا۔
ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجہ میں پولیس نے 8 منشیات فروشوں سمیت 21 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں 8 منشیات فروش، 3 شراب فروش، 2 ناجائز اسلحہ ہولڈرز، کیٹیگری اے کے 3 اشتہاری مجرمان ڈاکووں سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں ۔
گرفتار ملزمان سے 8 کلو سے زائد چرس، 2 سو لیٹر سے زائد شراب، ناجائز اسلحہ اور مال مسروقہ برآمد کیا گیا ہے ،ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او حافظ آباد ضلع کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں حافظ آباد پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا۔











