ڈیرہ غازی خان، 27اگست(اے پی پی): سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک بقاو سلامتی کے لیے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا،بدقسمتی جس سیاسی جماعت کو بھی اقتدار ملا اس نے ملک سے زیادہ اپنے سیاسی فائدہ کو دیکھا،آج عام آدمی کے حالات اور ملک کی صورتحال دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزاپنی رہائش گاہ کھوسہ ہاوس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ قدرت پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے مالامال کر رکھا ہے مگر ان وسائل کا درست استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اباواجداد نے یہ ملک قربانیاں دے کر بنایا تھا مگر ہم نے اس کی قدر نہیں کی، حالات کا تقاضا ہے کہ ہمیں اپنا قبلہ درست کر لینا چاہیے اور ملکی مفاد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے آج ہر شخص پریشان ہے اور نوجوانوں کو اپنا مستقبل روشن نظر نہیں آ رہا ایسے وقت میں قوم ایک مسیحا کی طرف دیکھ رہی ہے، مگر بدقسمتی سے جس سیاسی جماعت کو بھی اقتدار ملا اس نے پاکستان کی بجائے اپنے سیاسی فائدے کو ترجیح دی اور قوم کے مستقبل کا نہ سوچا بلکہ جھوٹے سیاسی نعروں سے عوام کو بیوقوف بناتے رہے۔ ذوالفقار علی کھوسہ نے کہا کہ میں نگران حکومت سے توقع رکھتا ہوں وہ عوام کے لیے ریلف پیکج کا اعلان کرے گی اور بجلی و پٹرول کے نرخوں میں کمی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری منزل ہے ہمارا جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے اور میں پر امید ہوں جلد ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور ان مشکلات سے ہم جلد باہر آئیں گے۔انہوں کہا کہ دوسروں پر تنقید کی بجائے ہمیں انفرادی طور پر ملک کی بہتری کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ سابق گورنر نے کہا کہ ملک کو اس دلدل میں دھکیلنے والوں کو اپنی جائیدادیں پاکستان کی غریب عوام کے لیے وقف کر دینی چاہیں تاکہ عام آدمی کو بھی پتہ چل سکے کہہ ان حکمران واقعی عوام کے ساتھ مخلص ہیں اور ان مشکل حالات میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔











