ڈیرہ غازی خان؛اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام، 2 ملزمان گرفتار

16

ڈیرہ غازی خان ، 08  اگست (اے پی پی):  تھانہ صدر تونسہ پولیس نے کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی،یہ اسلحہ کچے کےڈاکوؤں اور  جرائم پیشہ عناصر سمیت دیگر ملک دشمن عناصر کو سپلائی کئے جانے کا خدشہ تھا۔

اس حوالے سے ڈی پی او حسن افضل نے  منگل کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی سرکل تونسہ کی زیر نگرانی میں ایس ایچ او صدر تونسہ علی عمران ، انچارج چیک پوسٹ پل 22ہزار معہ ٹیم نے ناکہ بندی کر کے خطرناک اسلحہ کی سمگلنگ  ناکام بنا دی اور دوران چیکنگ  کار میں سے 119 عدد پسٹل 30بور، کلاشنکوف3، منی کلاشنکوف 10، بندوق 12 بور 2، میگزین پسٹل 119 عدد، میگزین کلاشنکوف 13 عدد اور 24 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کی خصوصی ہدایات پر بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے نظام انتہائی سخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخبر کی اطلاع پر پل 22 ہزار پر دوران چیکنگ ایک کار آلٹونمبری ADG/393 کوپولیس اہلکاران نے مشکوک جانتے ہوئے روک کر تلاشی لی تو دوران تلاشی کار میں سے مزکورہ اسلحہ برآمد ہوا۔

 ڈی پی او نے بتایا کہ کار میں سوار اسلحہ سمگلرز ملزمان واجد علی اور محمد پرویز اسلحہ کار میں چھپا کر ملتان سے براستہ پل 22ہزار علاقہ تھانہ صدر تونسہ ڈیرہ غازیخان سمگل کر رہے تھے جن کو اسلحہ کی بھاری تعداد سمیت گرفتارکر کے ملزمان کی نشاندھی پر مزید ایک اور جگہ ریڈ کیا گیا اور مزید اسلحہ برآمد کیا گیا ۔ ملزمان کے خلاف تھانہ صدر تونسہ میں مقدمات کا اندراج کر دیا گیا اور ان کا سابقہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع بھر میں امن وامان قائم رکھنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی شخص کو امن وامان خراب کرنے کے لئے کوئی رعایت نہیں ہے،قانون کی پاسداری ہم سب کا فرض ہے اور اس پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ بد امنی پھیلانے والے عناصرکو عبرت کا نشان بنا دیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق اسلحہ کچے کےڈاکوؤں اور  جرائم پیشہ عناصر سمیت دیگر ملک دشمن عناصر کو سپلائی کرنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی اس بھاری کھیپ کو پکڑ کر جنوبی پنجاب کو بہت بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔