ڈیرہ غازی خان؛کمشنر نے شہر کی تمام 17 یونین کونسلوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردئیے

5

ڈیرہ غازی خان،19اگست (اے پی پی):کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈیرہ غازی خان شہر کی تمام 17 یونین کونسلوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔یونین کونسل سطح کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جو تعمیر شدہ اور زیر تعمیر غیر قانونی عمارتوں کا سروے ایک روز میں مکمل کریں گی۔

 اس حوالے سے ہفتہ کو یہاں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ شہری علاقوں میں نشیبی اور زیر آب علاقوں کا بھی سروے ہوگا اور ٹیمیں بھیج کر علاقے صاف کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی تمام مشینری کو فنکشنل کرایا جائیگا۔

کمشنر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان میں تین ماہ سے بائیو میٹرک حاضری شروع کرادی گئی ہے اور بائیو میٹرک سسٹم میں مسلسل غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔