ڈیرہ غازی خان04 اگست(اے پی پی ): ضلع ڈی جی خان میں ہیلتھ ریفارمز بارے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ہیلتھ کونسلزکو مکمل فعال کیا جائے اور سرکاری اداروں کی بقا ءکیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کونسلز کے فنڈز شفاف طریقہ سے استعمال میں لائے جائیں اور ہیلتھ سیکٹرز میں بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی ویکسی نیشن کے عمل میں کارکردگی پرتوجہ دی جائے اور ہسپتالوں،ہیلتھ مراکز میں پڑے کباڑ کو فوری نیلام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اچھے کام پر داد رسی اور ناقص کارکردگی پر سزا کے طریقہ کار پر عمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں،ہیلتھ مراکز کی تزئین و آرائش کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اور محکمہ ہیلتھ میں کوتاہیوں کو دور کرنے کیلئے افسران اپنا کردار ادا کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسد چانڈیہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری،ڈاکٹر اطہر سکھانی،ڈاکٹر علی ہاشم،ڈاکٹر کامران بھٹہ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیرمسلم،ایم ایس اور ڈپٹی ڈی ایچ اوز شریک تھے۔











