اوکاڑہ؛سوجیکے بیڑا حادثہ میں بچہ جانبحق، 33 ریسکیو، 6 کی تلاش جاری

19

اوکاڑہ،04اگست(اے پی پی):دریائے ستلج میں سوجیکے کے مقام پر دریا عبور کرنے کے لیے استعمال ہونے والے بیڑے کے حادثہ میں صرف ایک دو سالہ بچہ جاں بحق ہوا ہے۔ بیڑے میں 40 افراد سوار تھے جن  میں سے 33 مرد و خواتین کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ باقی چھ افراد کی تلاش کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی زیر نگرانی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

 ترجمان ضلعی انتظامیہ  کے مطابق ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ پولیس، ریسکیو1122 سمیت تمام متعلقہ محکمے حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن میں آٹھ کشتیوں کی مدد سے ریسکیو 1122 کے 80 جوان اور پاک آرمی کے 20 جوان حصہ لے رہے ہیں، چار کشتیاں ریسکیو 1122 جبکہ چار کشتیاں پاک آرمی کی ہیں۔

 سوجیکے کے مقام پر دریا عبور کرنے کے لیے استعمال ہونے والے بیڑے میں اوکاڑہ، بہاولنگر کے مقامی لوگ روزمرہ کے امور کی انجام دہی میں دریا پار کرتے ہیں، حادثہ کا شکار ہونے والے بیڑا میں 40 افراد سوار تھے جن میں سے آٹھ افراد کا تعلق ضلع اوکاڑہ جبکہ 32 کا تعلق ضلع بہاولنگر سےہے۔ 33 افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے حادثہ کے فوراً بعد ریسکیو کیا گیا ہے صرف ایک دو سالہ بچہ جاں بحق ہوا   جس کا تعلق بہاولنگر نگر سے ہے جبکہ باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔