کاروبار اور صنعتی ترقی سے ملک میں سماجی اقتصادی ترقی ہوتی ہے، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

20

لاہور، 26اگست(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنرہائوس لاہور میں پائنیرز بزنس مین گروپ (pioneers Businessmen Group) کے ایگزیکٹو کونسل کے عہدیداران نے چیئرمین علی حسام اصغر کی قیادت میں خصوصی ملاقات کی۔  وفد نے گورنر پنجاب کو مارکیٹوں اور صنعتوں کو درپیش مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ معاشی ترقی سے ہی ملک وقوم کی خوشحالی وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار اور صنعتی ترقی سے ملک میں سماجی اقتصادی ترقی ہوتی ہے ۔انہوں کہا کہ معاشی ترقی اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا بہت اہم ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کاروبار اور صنعتی ترقی کے لیے سپیشل اکنامک زونز اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح سمیت اہم اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی سمت درست کر دی گئی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ملک ایک کشتی کی مانند ہے جس میں ہم سب سوار ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک ہے تو ہم ہیں، سب کو اس کی ترقی اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ملک میں انشااللہ مزید معاشی ترقی اور استحکام آئے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ میں کاروباری حضرات سے مستقل بنیادوں پر مل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ، کورونا وبا ہو یاسیلاب ہر مشکل وقت میں تاجر برادری نے ہمیشہ آگے بڑھ کر فلاح و بہبود کے کاموں میں حصہ لیا ہے۔

اس موقع پر پائنیر بزنس مین گروپ کے چیئرمین علی حسام اصغر اور دیگر عہدیداروں نے گورنر پنجاب کی تاجروں کیلئے اوپن ڈور پالیسی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں ملکی و معاشی ترقی اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔وفد نے گورنر پنجاب کو مارکیٹوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر، مختلف محکموں واسا، واپڈا، لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو بجلی کے بلوں پر تاجر برادری اور صنعتی نمائندوں کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے تاجر برادری کے مسائل اور تحفظات متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی  یقین دہانی کرائی ۔

اس موقع پر چیئرمین پائینیرز بزنس مین گروپ علی حسام اصغر کی جانب سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو بزنس کمیونٹی کیلئے گراں قدر خدمات پر سوینیئر بھی پیش کیا گیا۔ وفد میں سابق نائب صدر لاہور چیمبر حارث عتیق،مردان علی زیدی، عاصمہ شاہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران لاہور چیمبر محمد عثمان ملک ،یوسف شاہ، عاصم صدیقی،صدر انجمن تاجران لاہور شاہد نذیر۔چودھری۔جنرل سیکرٹری انجمن تاجران خلیل عبیر، سہیل محمود سمیت بڑی تعداد میں مارکیٹوں کے نمائندے اورصنعتی سیکٹر کے عہدیداران نے شرکت کی۔