یونیورسٹی آف سرگودھا نے 518فیکلٹی و سٹاف ممبران کو ریگولر کر دیا

14

سرگودھا،18اگست (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا نے سکروٹنی کمیٹی کی تجاویز، سنڈیکیٹ اور گورنر پنجاب کی منظوری سے 518فیکلٹی و سٹاف ممبران کو ریگولر کر دیا۔فیکلٹی و ملازمین کو ریگولر کرنے کا یہ عمل گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد “دا پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ2018” کو اختیار کرتے ہوئے سکروٹنی کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں مکمل کیا گیا ۔

 سنڈیکیٹ یونیورسٹی آف سرگودھا نے بھی کنٹریکٹ و عارضی ملازمین و فیکلٹی ممبران کو ریگولر کرنے کی باقاعدہ منظوری دی۔کنٹریکٹ سے ریگولر ہونے والے گریڈ 1تا4کے 208، گریڈ5سے16کے127 اور گریڈ7سے19کے افسران و فیکلٹی ممبران کی تعداد74ہے۔اسی طرح عارضی  سے ریگولر ہونے والے1 تا4کے64اور گریڈ5سے16کے45ملازمین شامل ہیں۔

اس حوالے سے  منعقدہ  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ آج یونیورسٹی آف سرگودھا کے لیے  یادگار اور پُرمسرت دن ہے، بطور وائس چانسلر عرصہ دراز سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو ان کی محنت اور صبر کا پھل ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ جب بطور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا کا چارج سنبھالا تو یہ بات ان کے  علم میں آئی کہ ملازمین اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد عرصہ دراز سے کنٹریکٹ پر کام کر رہی ہے، یہ بات ان کے  لیے تکلیف کا باعث تھی،انہیں ملازمین کی پریشانی کا ادراک تھاوہ سمجھتے ہیں کہ ہر ملازم یونیورسٹی آف سرگودھا کی ترقی میں برابر کا شریک ہے اس لیے تمام ملازمین محفوظ مستقبل کے حقدار ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ملازمین کی مستقلی ایک مشکل مرحلہ تھا جس میں یونیورسٹی مینجمنٹ کی اجتماعی کوششوں اور انتھک محنت کی بدولت کامیابی حاصل ہوئی ایسے تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے ملازمین کی مستقلی کویقینی بنانےکے لیےشبانہ روز محنت کی۔

 وائس چانسلر نے  کہا کہ ان کے لیے سب سے اہم وہ ہیں جو یونیورسٹی آف سرگودھا کی فلاح و بہبود کو اہمیت دیں گے۔مستقل ہونے والے ملازمین کو چاہیے کہ وہ یونیورسٹی کی ترقی کے لیے اور زیادہ محنت سے کام کریں تاکہ یونیورسٹی آف سرگودھا نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی بہترین یونیورسٹی کہلائے۔

 انہوں نے کہا کہ بطور وائس چانسلر فیکلٹی و سٹاف کی فلاح بہبود کے لیے  مزید منصوبوں پر کام جاری ہے، ان کی خواہش ہے کہ چھوٹے ملازمین کو  مفت کھانہ فراہم کیا جائے۔ اسی طرح یہ کوششیں بھی جاری ہیں کہ یونیورسٹی کے ہر ملازم کے پاس اپنا گھر ہو،ہاؤسنگ سوسائٹی پر تیزی سے کام کر رہے ہیں جلد ہی فیز ون پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اسی طرح طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے بھی مختلف پروگرامز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ طلبہ کیلئے ایک سال کی مفت فری لانسنگ تربیت کا بندوبست کریں گے جس کی بدولت طلبہ دوران تعلیم ہی روزگار حاصل کریں گے اور اپنے تعلیمی اخراجات کا بوجھ خود برداشت کر سکیں گے۔انکیوبیشن سنٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، بچوں کے بزنس آئیڈیاز کو انکیوبیٹ کریں گے اور مارکیٹ میں متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کو رول ماڈل بنانا ان کی  اوّلین ترجیح ہے۔ ریگولر ہونے والے ملازمین اور فیکلٹی ممبران کے اعزاز میں ریگولرائزیشن کے آرڈز تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الیاس طارق، رجسٹرار وقار احمد سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان و صدور کے علاوہ ریگولر ہونے والے ملازمین بھی موجود تھے۔