اوکاڑہ،08ستمبر(اے پی پی):سپرٹینڈنگ انجینئر واپڈا احمد شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پرچیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو شاہدحیدر نے بجلی چوروں اور نادھندگان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کروایا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی قائم کی گئ ہے میرے سمیت ڈی پی او اور سپیشل برانچ کا آفیسر ممبر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی تفصیلات بتاتے ہوئےکیا۔ ایس ای واپڈا نے کہا کہ انفورسمنٹ کمیٹی خفیہ اطلاعات پر بھی ایکشن لے رہی ہے اور تقریباً دو راتیں اور ایک دن کے دوران 84 بجلی چوروں کو پکڑا گیا،47 ایف آئی آر درج کروائی گئی ہیں جبکہ 12افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور بھاری جرمانے کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں میں بعض معروف شخصیات بھی شامل ہیں اور بلا تفریق بجلی چوری کے خاتمہ تک ہم انشاءاللہ چین سے نہیں بیٹھیں گے اور بجلی چوری کے خاتمے تک یہ مشن جاری رہے گا۔











