بجلی چوری کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز،17 با اثر بجلی چور پکڑے گئے ،مقدمات درج

12

نوشہرہ ورکاں،08 ستمبر(اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور کابینہ کے فیصلے کے بعد بزور بازو  بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف بھر پور گرینڈ آپریشن کا آغاز  ہو گیا ہے،پہلے ہی روز 17 با اثر بجلی چور پکڑے گئے اور  مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرا دیئے گئے ۔

بجلی چوری کے خلاف آپریشن میں صوبائی اداروں سے مشاورت اور انکا تعاون بھی شامل ہو گا ۔ ریجنل ۔ ڈویژنل  اور سب ڈویژنل سطح پر پاور کمپنیوں کی جانب سے ٹیموں کی تشکیل  سکیورٹی کے لیے پولیس فورس دینے کے علاوہ بجلی چوروں کے خلاف بلا تا خیر ایکشن، بھاری بل ڈالنے اور مقدمات کے فوری اندراج کا  انتظامی پلان مکمل کرکے چیف ایگزیگٹو گیپکو گوجرانوالہ کی ہدایت پر ایکسین گیپکو چوہدری امتیاز احمد۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد اسلم جوئیہ، ایکسین گیپکو ڈویژن نوشہرہ ورکاں کریم بخش سومرو کی قیادت میں ایس ڈی اوز اعتزاز اعظم،فہد حسین اور سکندر حیات نے ہمراہ لائن سٹاف  بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کی اور ڈویژن گیپکو نوشہرہ ورکاں میں بجلی چوری میں بدنام دیہاتوں کے متعلقہ فیڈروں  تتلے عالی۔ تھانہ روڈ فیڈر ۔ببر فیڈر ۔اور دیگر فیڈروں پر ڈور ٹو ڈور چیکنگ کا سلسلہ جاری  ہے،پہلے روز چہلم کی وجہ سے پولیس فورس کی مصروفیت سے سکیورٹی کے بغیر کچھ بحث تکرار کے باوجود 17 با اثر  بجلی چور  پکڑے گئے ہیں اور آئندہ دنوں میں چیکنگ ٹیموں کے ساتھ پولیس فورس کی سکیورٹی بھی موجود ہو گی۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر سی پی او گوجرانوالہ نے تمام  ایس ڈی پی او  دفاتر اور تھانہ جات میں مراسلہ جاری کر دیا  ہے جس کے مطابق بجلی چوری میں پکڑے گئے صارفین کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج  کی جائے گی اور بجلی چور سخت سزائیں بھگتنے کے علاوہ ہزاروں اور لاکھوں میں ڈی ٹیکشن بل بھی ادا کریں گے ۔