پشاور،21 ستمبر (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ظفر اللہ خان نے بی آر ٹی پشاورکے نئے فیڈرروٹ DR-4B (چمکنی تا ملک سعد شہید براستہ رنگ روڈ) کا باقاعدہ افتتاح آج بی آرٹی پشاور کے چمکنی سٹیشن پر کیا۔ افتتاح کے بعد منصوبے کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔نئے روٹ کے آغاز سے زو پشاور کے روٹس کی کل تعداد 14 ہو گئی ہے۔ روٹ رنگ روڈ، دلازاک روڈ اور چارسدہ روڈ کے رہائشیوں کو سفری سہولت فراہم کرے گا۔
معاون خصوصی ظفر اللہ خان نے شہر کی ترقی کو فروغ دینے اور شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بہترین اور قابلِ رسائی پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم پر زور دیا۔
اس موقع پر ٹرانس پشاور کی ترجمان صدف کامل کا کہنا تھا کہ اس روٹ میں 19 سٹاپس ہیں، جن میں چمکنی، سردار گڑھی، چغل پورہ، گورنمنٹ پرائمری سکول، پیر زکوڑی پل، موٹروے پل، کمبوہ اڈہ، پہاڑی پورہ، کبوتر چوک، ایم ایم سی ہسپتال، وزیرکالونی، اباسین یونیورسٹی، پتنگ چوک، شہید تحسین چوک، چارسدہ اڈہ، عید گاہ، شاہی باغ، باچا خان چوک، ملک سعد شہید شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ روٹ رنگ روڈ پر رہنے والوں کے علاوہ یہاں پر موجود یونیورسٹیوں کے طلبا کو بھی سفری سہولت فراہم کرے گا۔ اس سے پہلے اس علاقے میں معیاری سفری سہولت کا فقدان رہا ہے۔ بی آر ٹی پشاور پر روزانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اور اس روٹ کے شروع ہونے سے مزید شہری بی آر ٹی کی سروس سے مستفید ہونگے۔
افتتاح کے بعد معاون خصوصی کوسوینئیر پیش کیا گیا علاوہ ازیں انہیں بی آر ٹی کنٹرول سنٹر کا دورہ بھی کرایا گیا۔ اور بی آر ٹی سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پرسیکریٹری ٹرانسپورٹ ضیاالحق، سی ای او ٹرانس پشاور ڈاکٹر طارق عثمان اور دیگر افسران موجود تھے ۔











