تھرپارکر؛میڈیا معاشرے کے مسائل کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ڈپٹی کمشنر

31

تھرپارکر، 13 ستمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور آج کی دنیا میں میڈیا کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے،میڈیا معاشرے کے مسائل کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈی سی کانفرنس ہال مٹھی میں الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان سے تعارفی ملاقات کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے مسائل کے حل کے لیے آپ لوگوں کی نشاندھی،تعاون اور رہنمائی درکار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع تھرپارکر کے مسائل کو اجاگر کرنے  اور ان کے حل کی کوششوں میں بھی میڈیا کا اہم کردار رہا ہے اور امید کرتا ہوں کہ وہ اس روش کو برقرار رکھتے ہوئے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

 اس موقع پر انہوں نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ضلع تھرپارکر کی ترقی اور عوام فلاحی کاموں میں میڈیا کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر ایک وسیع و عریض ضلع ہے جبکہ رقبے کے لحاظ سے یہ دنیا کے کئی ممالک سے بھی بڑا ہے، اس کے مسائل اور وسائل سندھ کے دیگر علاقوں سے مختلف ہیں جبکہ مسائل کے حل کے لیے مربوط اور منظم اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

 ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ تھرپارکر میں تھرکول سمیت عوام فلاح و بہبود کے بہت سے منصوبے چل رہے ہیں جن کے مثبت نتائج اور عوام تک ثمرات کی  فراہمی کے لیے میڈیا کا اہم کردار بنتا ہے۔

 اس موقع پر الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کو ضلع کے وسائل اور مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔