رحیم یار خان؛فضائی آلودگی اور سموگ کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد

89

رحیم یار خان ،28 ستمبر(اے پی پی ): فضائی آلودگی اور سموگ کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے سیمینار کی صدارت کی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد رضا بٹ ، اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر ، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر محمد اشرف بھی سیمینار میں شریک ہوئے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عامر رحمانی، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ریاست علی نے سیمینار سے خطاب کیا ۔

ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سپیشل سموگ سکواڈز تشکیل دیا ہے،سکواڈ کی جانب سے تمام اضلاع میں فضائی آلودگی اور سموگ کے کنٹرول کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومت پنجاب نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے سخت قوانین اور سزائیں تجویز کی ہیں۔ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لئے ہر شخص کو حکومتی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد رضا بٹ نے کہا کہ قانون گوئی ، پٹوار سرکل سطح پر سموگ بارے آگہی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عامر رحمانی نے کہا کہ فیکٹری مالکان فضائی آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات نصب کراوئیں۔ بھٹہ مالکان بھٹہ جات کے لیے زگ زیگ میتھاڈولوجی کا استعمال کریں، ہسپتالوں کے فضلا جات کو حفاظتی اقدامات کے تحت تلف کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرارِ حسین نے کہا کہ کسان اور زمیندار فصلوں کی باقیات کو تلف کرنے کے لیے آگ ہر گز نہ لگائیں۔

 سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کوآگ لگانا ، پرانے ٹائرز، چمڑے کی پرانی اشیاءکو جلانا، دھواں دیتی گاڑیوں کا استعمال آلودگی اور سموگ کا باعث ہیں۔ بھٹوں پر غیر معیاری ایندھن کے استعمال، پولی تھن بیگز ، دھان و کماد کی باقیات کو آگے لگانے ،جلانے سے اٹھنے والا دھواں بھی سموگ و فضائی آلودگی کا سبب بنتا ہے ۔

 سیمینار میں محکمہ ماحولیات ، محکمہ انڈسٹریز،زراعت ، ہیلتھ ، ایجوکیشن، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان کے علاوہ بھٹہ خشت ایسوسی ایشن ، بلدیاتی ادارے ،شوگر انڈسٹریز ، کاشتکارتنظیموں ،ٹریفک پولیس سمیت سول سوسائٹی سے بھی لوگوں نے شرکت کی ۔