پشین، 28 ستمبر (اے پی پی): کمشنر حمزہ شفقت نے کہا ہےکہ حکومت شہریوں کے بنیادی مسائل اور ان کے حل کےلیے موثر اقدامات کررہی ہے، امن وامان کے صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین کو مثالی ہسپتال بنایا جائے گا، پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال بنائیں گے، اسسٹنٹ کمشنر روزانہ کی بنیاد پر شہر کا دورہ کیا کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین ویلفیئر کمپلیکس میں پٹرول پمپ اور شاپینگ مال کا افتتاح کے موقع پر مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔کمشنر حمزہ شفقت نے کہاکہ ضلع پشین، ضلع قلعہ عبداللہ اور ضلع چمن میں پولیو وائرس قندھار افغانستان سے آیا ہے، پشین قلعہ عبداللہ چمن میں انسداد پولیو سات روزہ مہم شروع کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضلع پشین میں 280 گھوسٹ اور مسلسل غیر حاضر اساتذہ کے ساتھ ساتھ 80 غیر حاضر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
کمشنر نے کہاکہ تاجر برادری اہمیت کی حامل ہے، تاجر برادری ملک کے معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاجروں کے مسائل کو حل کیاجارہا ہے، بڑے بڑے تاجروں کو این او سی جاری کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ شہر میں ناجائز تجاوزات کاخاتمہ کیا جائے گا، میونسپل کارپوریشن کی مدد سے شہر میں صفائی کے صورتحال کو بہتر بنایا ہے۔ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء خوردنوش، غیر معیاری دودھ دہی فروشوں کے خلاف انتظامیہ حرکت میں آجائے گی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین کے ڈا ئیلاسز یونٹ زچہ وبچہ سینٹر آپریشن تھیٹر کو فعال بنایا گیا ہے ۔
کمشنر نے ویلفیئر کمپلیکس کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن ( ر) جمیل احمد سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی سید مطیع اللہ آغا ، اسسٹنٹ کمشنر پشین چوہدری ارسلان ،انجمن تاجران پشین کے صدر ملک بہادر خان ترین ، عبدالباری آغا ، سید عبدالسلام آغا ، سید عبدالصمد آغا اور دیگر بھی موجود تھے۔











