سکھر،20ستمبر(اے پی پی): شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی رہنما لالا اسد پٹھان نے خصوصی شرکت کی اور قتل میں ملوث اصل مجرموں کی گرفتاری کامطالبہ کیا گیا اورآخرمیں شہید کے درجات بلندی کی دعا کی گئی۔
سکھر پریس کلب کے سامنے یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے احتجاجی صحافیوں نے علامتی بھوک ہڑتال کی۔اس موقع پر سکھر یونین آف جرنلسٹ کے صدر، جنرل سیکرٹری ، پریس کلب کے نائب ، کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن و، فوٹو جرنلسٹ اور دیگر نے شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے شدید نعرے بلند کیئے۔
کیمپ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی رہنما لالا اسد پٹھان نے کہا کہ صحافت میں شہید صحافی جان محمد مہر کے مثبت کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اصل مجرموں کو گرفتار نہ کرنا افسوسناک عمل ہے اس اہم مسئلے پر کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ جب تک شہید جان محمد مہر کے اصل قاتل اپنے انجام تک نہیں پہنچ جاتے اس وقت تک جدوجہد جاری رہے گی۔











