سکھر،20ستمبر(اے پی پی): خدمت خلق کے جذبے کے تحت اسمال ٹریڈرز نے محکمہ خوراک کے تعاون سے اناج بازار میں بھی سستے آٹے اور چینی کے اسٹال کا افتتاح کر دیا۔ اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے اناج بازار میں ہول سیل گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مختیار شامی کی دکان کسان ٹریڈرز پر ربن کاٹ کرسستے آٹے اور چینی کے اسٹال کا افتتاح کیا۔
ا س موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مشکل وقت میں انتظامیہ اور عوام کے درمیان پل کاکردار ادا کیا ہے اس طرح کے سستے اسٹال جہاں عوام کو چینی 140 روپے کلو اور آٹا 125 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے جس سے ہم سمجھتے ہیں کہ مہنگائی کا جو طوفان ہے اس میں تو کمی نہیں آئے گی لیکن پھر بھی غریب اور متوسط طبقے کو اپنے بچوں کے پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول آسان ہوجائے گا اور وہ سستا آٹا خرید کر اپنے بچوں کا پیٹ بھرسکتے ہیں ۔
ہول سیل گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مختیار شامی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ اس طرح کے سستے اشیاءکے اسٹالز شہر کے کونے کونے میں لگائے جائیں تاکہ عوام کو مہنگائی سے کچھ نہ کچھ ریلیف مل سکے۔
اس موقع پر حاجی عبدالستار راجپوت، غلام مصطفی پھلپوٹو، عبدالباری انصاری، محمد جاوید میمن، ڈاکٹر سعید اعوان، شعیب میمن و دیگر بھی موجود تھے۔











