عارف والا،29 ستمبر(اے پی پی ): جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس جامع مسجد غلہ منڈی عارفوالا سے زیر قیادت جماعت اہلسنت پنجاب کے امیر پیر سید خلیل الرحمان بخاری نکالا گیا، جلوس میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر فرخ جاوید ، جماعت اہلسنت کے صدر صوفی عبدالرشید،انجمن تاجران سمیت تمام تنظیموں کے عہدیداران اور ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی۔
جلوس میں غلامان مصطفی ﷺ نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے جن پر آمد مصطفے ٰﷺ کی تحریریں درج تھیں۔ جلوس میں عاشقان رسولﷺ نے پیدل،موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے زریعے شرکت کی، جلوس میں درود وسلام کے ترانے گونجنے سے فضآء معطر ہوگئی، جلوس مختلف راستوں سے گزر کر چوک شفیع شادی پہنچا جہاں پر ملک کے نامور مقرر مفتی آصف اقبال رضوی اور جناح چوک میں علامہ نظام الدین جامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار مدینہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے آپ ﷺ کی آمد سے دنیا میں ظلم و ستم کے بادل چھٹ گئے اور اسلام کا جھنڈا بلند ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرم نور مجسم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
جلوس میں ملکی سلامتی اور امن کے لئے دعا کی گئی۔ عقیدت مند عاشقان رسول ﷺ کیلئے جگہ جگہ لنگر اور میٹھے مشروبات کی سبیلیں لگی ہوئی ہیں۔
جلوس کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق ولائت، ڈی ایس پی عارفوالا محمد خالد اور پولیس نفری بھی جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی۔ جلوس میں میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر محمد ندیم اور عملہ بھی اپنے فرائض سرانجام دیئے۔
جلوس کا جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔جلوس جامع مسجد غلہ منڈی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا اور بعد از نماز جمعہ چار عدد عمرے کے ٹکٹ خوش نصیب غلامان مصطفی ﷺ میں تقسیم کیے جائیں گے۔











