ملتان، 06 ستمبر ( اےپی پی): سابق ایم پی اے مخدوم سید احمد مجتبٰی گیلانی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ءمیں بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین بالائے طاق رکھتے ہوئے رات کی تاریکی میں مکارانہ اور بزدلانہ حملہ کرکے یہ ثابت کر دیا کہ وہ نہ تو دوست اچھا ہے اور نہ ہی دشمن اچھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے منہ کی کھانا پڑی اور ذلت و رسوائی اس کا مقدر بنی۔ پاکستان کی غیور عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کی عوام اور افواج میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جسے پاکستان کی غیور عوام کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان، اسپائر گروپ آف کالجز ملتان کیمپس اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے زیر اہتمام یو اے ای گروپ آف ایسوسی ایٹس ملتان، سکول آف اینبلرز ملتان اور فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے اشتراک سے اسپائر کالج ملتان میں یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ خصوصی تقریب بعنوان”اے راہِ حق کے شہیدو” سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ جس کی صدارت ممتاز ماہر تعلیم سابق ڈائریکٹر کالجز اور صدر نظریہ پاکستان فورم پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ملتان حافظ محمد قاسم اور پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر ثقافتی یلغار کر رکھی ہے اور ہماری نئی نسل کو اپنی ثقافتی یلغار کے ذریعے بے راہ روی کی طرف مائل کر کے کمزور کر رہا ہے ہمیں اپنے مکار و عیار دشمن سے صرف اسلحہ کے ذریعے سرحد پر نہیں بلکہ سفارتی محاذ اور جدید علوم کے ساتھ ہر محاذ پر جنگ کرنی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم سید احمد مجتبٰی گیلانی نے مزید کہا کہ ہماری نئی نسل جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے اور دفاع وطن کیلئے اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے نئی نسل اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دے اور اعلٰی تعلیم حاصل کر کے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ میاں محمد ماجد، چوہدری ابرار حسین، پروفیسر ریاست علی اور نعیم اقبال نعیم نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کی قومی تاریخ کا ایک درخشندہ باب ہے، قوم ”شہدائے پاکستان“ کی قربانیاں کسی صورت بھی رائیگاں نہیں جانے دے گی ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر و ناز ہے پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ و استحکام قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے لازوال قربانیاں پیش کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کیا سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی ریسکیو آپریشن میں بھی افواج پاکستان ہر اول دستہ کا کردار ادا کررہی ہے۔











