ملتان؛6 ستمبر کا دن ملک و قوم کیلئے انتہائی اہم اور یادگار ہے ،لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد طارق بھٹی

23

 

ملتان،04 ستمبر(اے پی پی): لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد طارق بھٹی نے کہا ہے کہ  چھ ستمبر کا دن پاکستان کے لیے بہت اہم اور یادگار دن ہے ،یہ دن نہ صرف پاک فوج کے لئے اہم ہے بلکہ عوام کے لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ عوام کا بھرپور تعاون تھا، پاک فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں ،چاہے وہ چھ ستمبر 1965ء ہو یا 1971 ءکی جنگ ہو یا دہشت گردی  کیخلاف جنگ  ہو، ان کی بے مثال قربانیاں ہمیشہ ملک و قوم میں یادگار رہیں گی۔

ان خیالات کا اظہار لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد طارق بھٹی نے“ یوم دفاع پاکستان” کے حوالے سے“اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی پیاری عوام اور ان کے تعاون سے ہمیشہ بڑچڑھ کر اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک و قوم اور سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد طارق بھٹی نے کہا کہ جدھر سے بھی دشمن کی یلغار آئی پاک فوج کی طرف سے اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا، چھ ستمبر1965 ءکے حوالے سے عزیز بھٹی( شہید ) کا کردار بہت خاص ہے جنہوں نے ٹینک کے آگے کھڑے ہو کر کمانڈ کرتے ہوئے اپنے سینہ پر گولہ کھا کر اس ملک کی عزت بچائی اور دشمن کو ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھنے دیا،اسی طرح ایم ایم عالم نے ایئر فورس میں ایک منٹ میں پانچ جہازوں کو گرا کر پوری دنیا میں پاکستان ائیر فورس کیلئے ریکارڈ قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ ابھی تک فوج میں ہے اور فوج کا ادارہ اس وقت بھی ٹریننگ ، لڑائی جنگ اور اپنے پروفیشن کے لحاظ سے ملک کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جوکہ  دنیا میں بہترین مانا جاتا ہے جس کی اس وقت بھی ہمیں شدید ضرورت ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد طارق بھٹی نے کہا کہ ہماری عوام ،قوم ،ہمارا ملک پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے ہمیں چاہئے کہ دست بستہ ہو کر قدم ملا کر آگے چلیں تاکہ ملک کی حفاظت کو یقینی بنائی جاسکے اور ملک کی ترقی کو بھی آگے بڑھایا جاسکے۔