لاہور11ستمبر ( اے پی پی )نگران وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر کی زیر قیادت پنجاب ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ہوا۔ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل اور ڈی جی ڈرگز کنٹرول محمد سہیل متعلقہ افسران اور ماہرین ادویات سازی نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے ادویات ذخیرہ کرکے مصنوعی قلت پیدا کرنے اور مہنگا بیچنے والوں کو وارننگ دی اور کہا کہ حکومت نے ادویات کی دستیابی کے بارے میں حقائق بتانے کے موبائل ایپلی کیشن متعارف کروادی۔ڈرگ شارٹیج رپورٹنگ نامی موبائل ایپ سے شہری حکومت کو ادویات دستیاب نہ ہونے کے بارے میں آگاہ کر سکیں گے۔ بازار میں ادویات کی قلت سے حکومت کو مطلع کرنے کے لئے موبائل ایپ گوگل پلے سٹور سے ڈاؤلوڈ کی جا سکتی ہے۔ موبائل ایپ کے ذریعے ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی نشاندہی بھی ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ دوائیں مہنگے داموں فروخت کرکے ناجائز منافع کمانے والے حرام خوری کرتے ہیں- کیمسٹ شاپس کے لئے طے شدہ معیار اور شرائط کی سختی سے پابندی کروائی جائے۔ میڈیکل سٹورز پر ٹمپریچر ، لائٹ اور ڈسٹ وغیرہ کے بارے میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ بغیر لائسنس میڈیکل سٹور چلانے والے فوراً انہیں بند کر دیں ورنہ نتائج کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔ کسی شہر یا علاقے میں جعلی میڈیکل سٹور پکڑا گیا تو متعلقہ ڈرگ انسپکٹر ذمہ دار ہو گا-انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کام کرنے والی فارماسیوٹیکل کمپنیاں دوائیاں بنانے کے لئے بین الاقوامی معیار کی پابندی کریں- ادویات کی تیاری کے دوران کوالٹی سٹینڈرڈ اور سیفٹی پروٹوکول کی سختی سے پابندی کی جائے۔ فارماکمپنیوں کے مسائل کے حل اور جائز شکایات کے ازالے کے لئے جامع نظام وضع کیا جائے۔ کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب میں معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ تمام کیسز کی سماعت میرٹ پر کی جا رہی ہے۔ نئے کیسز کی سماعت جلد از جلد کی جائے،معیاری ادویات عوام کا بنیادی حق ہے, اسے یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔











