نارروال،11ستمبر(اے پی پی ):یوم دفاع پاکستان کےحوالےسےڈپٹی کمشنرمحمداشرف کی ہدایت پرمحکمہ کھیل کے زیراہتمام پاکستان کلرز والی بال میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں شائقین نے شرکت کی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر چوہدری اشرف نے شکرگڑھ میں آؤٹ ڈور والی بال سٹیڈیم بنانے کا اعادہ کیا۔ دوسری طرف انٹرسکول ہاکی ٹورنا منٹ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جس شہرمیں کھیلوں کے میدان آبادہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں اور اس حوالے سےپنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔
والی بال کے میچ میں سابق پاکستان والی بال ٹیم کے کپتان محمد نصیر محب رسول اور نصیر ٹیپو بھی بطور مہمان آئے، قومی کپتان اور کھلاڑیوں سمیت ڈپٹی کمشنر کا والہانہ استقبال کیا گیا، گھوڑوں کے رقص اور ڈھول کی تھاپ نے سما باندھ دیا، شائقین کھلاڑیوں کے جارحانہ کھیل سے محضوض ہوکر داد دیتے رہے ۔











