وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 214 ایمبولینس گاڑیاں محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سپرد کردیں

22

لاہور، 13 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محفوظ ماں، محفوظ مستقبل پروگرام کے تحت دیہی مراکز صحت و بنیادی مراکز صحت کیلئے 214 ایمبولینس گاڑیاں محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سپردکر دیں اور ایمبولینس کی علامتی چابی صوبائی وزیر پرائمری وسکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر اور سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کے سپرد کی۔وزیر اعلی محسن نقوی ایمبولینس میں بیٹھے اور ایمبولینس کا معائنہ کیا اور ایمبولینس میں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ علی جان نے رورل ایمبولینس سروس کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رورل ایمبولینس سروس کو کامیابی سے چلانے پر صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر، سیکرٹری صحت اور ان کی ٹیم کو مبارکباد کی مستحق ہے،ہیلتھ سیکٹر کی بہتری ہمارے پلان میں شامل ہے،پرائمری ہیلتھ کے بعض ہسپتال بہت بہتر حالت میں ورکنگ کررہے ہیں،مظفر گڑھ کا رجب طیب اردوان ہسپتال لاہور کے بعض بڑے ہسپتالوں سے بھی بہتر حالت میں ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت تمام بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ شروع کر چکے ہیں۔ 40،30سال پرانے ہسپتالوں کو بہتر حالت میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر پرائمری وسکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کے لئے وزیراعلی محسن نقوی کا ویژن قابل تحسین ہے،رورل ایمبولینس میں نئی گاڑیاں آنے سے سروسز میں بہتری آئے گی اور عوام کو سہولت ملے گی۔

سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ علی جان نے کہاکہ صوبے کے دیہات میں 493 ایمبولینسز اور بچے کی صحت اور ماں بچے کو صحت کی بہترین سہولتوں کی رسائی کے لئے کام کررہی ہیں۔آئی آر ایم این سی ایچ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے دیہات میں 500ایمبولینس گاڑیاں حاملہ خواتین وبچوں اور معذور افراد کو مراکز صحت تک پک اینڈ ڈراپ کی سروس دے رہی ہیں۔حاملہ خواتین اور ان کے اہل خانہ ٹال فری نمبر1034 پر کال کرکے مفت پک اینڈ ڈراپ کی سروس حاصل کر سکتی ہیں۔ہیضہ اور نمونیا میں مبتلا کمسن بچوں کو بھی مراکز صحت تک لانے کے لئے رورل ایمبولینس سروس حاصل کی جا سکتی ہے۔معذور افراد بھی فزیو تھراپی کے لئے روزانہ ہسپتال جانے کے لئے رورل ایمبولینس سروس استعمال کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دور دراز دیہات میں 3بنیادی مراکز صحت کے ساتھ ایک رورل ایمبولینس سروس منسلک ہو گی۔مریض کو ایمبولینس سروس کے ذریعے مراکز صحت سے ہسپتال بھی منتقل کیا جائے گا۔

صوبائی وزراء،عامر میر،ڈاکٹر جاوید اکرم،ڈاکٹر جمال ناصر،صوبائی مشیر وہاب ریاض،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔