چنیوٹ، 10 ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کہا ہے کہ بجلی چوری کرکے ملکی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ضلعی انتظامیہ وپولیس اور فیسکونے بجلی چوروں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرلی ہے،شہری بھی بجلی چوری کی شکایات ہیلپ لائن نمبر1718پر درج کراسکتے ہیں،شکایت کنندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی برائے انسداد بجلی چوری کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈی ایس پی سٹی ظفر وٹو، ایکسین فیسکو و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں بجلی چوروں کے خلاف گھیراتنگ اور ضلعی انتظامیہ نے کمرکس لی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی قائم ہے،ضلعی کمیٹی بجلی چوروں کے خلاف ہونے والی کارروائی کو براہ راست مانیٹر کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی سی آفس میں قائم ضلعی ایمرجنسی کنٹرول روم میں سیل قائم کردیا گیا ہے جہاں فیسکو سمیت تمام محکموں کے نمائندگان چوبیس گھنٹے موجود رہ کر بذریعہ فون کال اورشہری کی طرف سے تحریری شکایات نوٹ کرکے ان کی پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کے بجلی کنکشنز فوری منقطع کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے فیسکو افسران سے کہاکہ آئندہ اجلاس میں کمرشل و گھریلو کنکشنز کی تعداداور لائن لاسز بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے تاکہ ڈویژنل کمیٹی کو کارکردگی سے آگاہ رکھیں۔
فیسکو کے نمائندہ آفیسر نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف ایکشن شروع کردیا گیا ہے اور فیسکو کے نمبر 118پر موصولہ شکایات کے علاوہ انسپکشن ٹیمیں بھی کارروائی کررہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سابقہ بجلی چوروں کی تنصیبات بھی چیک کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ3روز میں بجلی چوری کے کیسز میں 20 مقدمات کا اندراج اور 64مقامات پر ریڈ کیا گیا ہے جبکہ بجلی چوروں کو 19لاکھ 25ہزار روپے کے ڈٹیکشن بل چارج کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عوام الناس کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات پر بھی کاروائی جاری ہے۔











